ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ایودھیامعاملہ: مرکز میں ہماری حکومت کے باعث فیصلہ ہندوؤں کے حق میں ہوا: بی جے پی رکن پارلیمان منسکھ بساوا

ایودھیامعاملہ: مرکز میں ہماری حکومت کے باعث فیصلہ ہندوؤں کے حق میں ہوا: بی جے پی رکن پارلیمان منسکھ بساوا

Sat, 16 Nov 2019 11:49:39    S.O. News Service

نئی دہلی، 16/نومبر (ایس او نیوز/ایجنسی) بابری مسجد اور رام جنم بھومی معاملہ پر سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد ہندو طبقہ میں جہاں خوشی کا ماحول ہے، وہیں مسلمانوں نے بھی سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے اسے قبول کر لیا ہے۔ لیکن اس درمیان گجرات سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ منسکھ بساوا کا ایک ایسا بیان سامنے آیا ہے جو سپریم کورٹ کے فیصلے پر ہی انگلی اٹھا رہا ہے۔ انھوں نے واضح لفظوں کہا کہ ایودھیا میں رام مندر تعمیر کے حق میں جو فیصلہ آیا ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ مرکز میں ہماری (بی جے پی) حکومت ہے۔

گزشتہ 9 نومبر کو سپریم کورٹ نے ملک کے سب سے پرانے ایودھیا اراضی تنازعہ پر جب فیصلہ سنایا تو سبھی فریق نے اس فیصلے کو قبول کیا اور عدالت عظمیٰ کا احترام کرتے ہوئے کسی بھی جانب سے کوئی ایسی بات نہیں کہی گئی جس سے ملک کا ماحول پراگندہ ہو۔ ایسے ماحول میں منسکھ بساوا کا بیان نہ صرف حیران کرنے والا ہے بلکہ عدالت پر مودی حکومت کی گرفت کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ انھوں نے رام مندر تعمیر کے لیے راستہ ہموار ہونے کا پورا کریڈٹ اپنی پارٹی کو دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ سے ایسا فیصلہ اس لیے آیا کیونکہ مرکز میں اپنی یعنی بی جے پی کی حکومت ہے۔

گجرات کے بھروچ انتخابی حلقہ سے لگاتار چھ مرتبہ رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے بساوا نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’رام جنم بھومی کتنا پرانا ایشو تھا، کتنے سال گزر گئے، ملک آزاد بھی نہیں ہوا تھا اس وقت سے رام جنم بھومی کی تحریک چل رہی تھی، کتنے لوگ شہید ہو گئے، کتنی تحریکیں ہوئیں لیکن یہ ایشو اپنی حکومت یعنی بی جے پی کی حکومت میں ختم ہوا۔ مرکز میں اپنی حکومت ہونے کی وجہ سے ہی سپریم کورٹ کو اپنے حق میں فیصلہ دینا پڑا۔‘‘

ایک طرف جب پی ایم مودی نے خود ہدایت دی ہے  کہ ایودھیا فیصلہ کو کسی کی شکست یا کسی کی فتح کی نظرسے نہ دیکھا جائے اور کوئی  بھی غیر ذمہ دارانہ بیان نہ دیا جائے، منسکھ بساوا کا بیان حیرت انگیز ہے۔ مودی حکومت میں وزیر رہ چکے بساوا نے دراصل سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو مودی حکومت سے جوڑ کر دیکھنا شروع کردیا ہے اور برسر عام یہ بیان بھی دے رہے ہیں ۔ ایک آڈیو کلپ میں ویدانتی کہہ رہے ہیں کہ مندر ٹرسٹ کا سربراہ  انہیں بنایا جانا چاہئے، جبکہ کچھ سادھو یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو ٹرسٹ کا سربراہ بنانے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ 


Share: